• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، متنازع پیکا ترمیمی بل منظور، اپوزیشن، صحافیوں کا واک آؤٹ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )قومی اسمبلی نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل اورمتنازع پیکا ایکٹ ترمیمی بل2025ء منظورکرلیا‘صحافیوں اورحزب اختلاف نے پیکا ترمیمی بل کیخلاف ایوان زیریں سے واک آؤٹ کیا‘صحافی تنظیموں نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے متنازع پیکا ایکٹ ترامیم مسترد کرتے ہوئے کالا قانون واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ 

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ میڈیا کے لیے کھودی گئی قبر میں غیر منتخب حکومت خود دفن ہو جائے گی جبکہ اپوزیشن لیڈر عمرایوب کا کہناہے کہ میڈیا فاشسٹ حکومت کے کنٹرول میں ہے‘۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑکا کہنا ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ سوشل میڈیا کیلئے ہے‘الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا متاثر نہیں ہوگا‘ ڈیجیٹل میڈیا کے قواعد وقت کی ضرورت ہیں‘ قانون سے ورکنگ جرنلسٹس کو تحفظ ملے گا ‘صحافتی تنظیمیں آئیں اور بات کریں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جسے ایوان زیریں نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

 حکومت کی کسی بھی اتحادی جماعت کی جانب سے ترمیمی بل کی مخالفت نہیں کی گئی‘جے یوآئی ارکان نے بل کی مخالفت کی جبکہ پی ٹی آئی ارکان نے ڈیجیٹل نیشن بل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا‘ اپوزیشن کی جانب سے بل پیش کیے جانے سے قبل ہی واک آؤٹ کیا جا چکا تھا۔

اہم خبریں سے مزید