پشاور(جنگ نیوز)آج کل ڈیجیٹل دور ہے جس میں بدقسمتی سے ہم بہت پیچھے ہیں مگر اب کنونشنل سسٹم کو ڈیجیٹلائزیشن”مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم“کی طرف لیکر جانا خیبر پختونخوا ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کا ایک اچھا اقدام ہے جو کہ عوام اور خاص کر طلبہ کےلئے انتہائی مفید سسٹم ہے، ان خیالات کااظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم طفیل انجم نے خیبر پختونخوا ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈمیں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے افتتاح اور آر پی ایل سرٹیفکیٹ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ طفیل انجم نے کہاکہ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے طلبہ گھر بیٹھے اپنا رزلٹ ،رجسٹریشن وغیرہ دیکھ سکیں گے اور اس سے وقت کی بچت اور پیپر لیس پالیسی پر عمل درآمد ہوسکے گا ۔جس سے سسٹم میں شفافیت آئے گی ۔اس سے پہلے سارا کام منول طریقے سے ہوتا تھا جس سے طلبہ اور پرائیویٹ اداروں اور بورڈ ہذا کا کافی وقت ضائع ہوجاتا تھا ۔اب تمام کام کمپیوٹرائزڈ،آن لائن طریقے سے کیا جائیگا جو کہ حکومت اور ادارے کی بہت بڑی کامیابی ہے جس سے طلبہ اور پرائیویٹ اداروں کو وقت ضائع کئے بغیر سہولیات میسر ہوں گی ۔