• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 6 دہشت گرد ہلاک، صدر، وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین

راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں پاک افغان سرحد سے اندر داخل ہونیوالے 6خوارج ہلاک ہوگئے، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 22اور 23جنوری کی رات خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا گیا ، آئی ایس پی آر نے افغان حکومت سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کا مطالبہ بھی دہرادیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق خوارج پاکستان افغانستان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے عام علاقے سمبازہ میں انہیں گھیرلیا اور موثر طریقے سے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جس کے نتیجے میں 6خوارج جہنم واصل کئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کیلئے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔
اہم خبریں سے مزید