کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملتان میں اسپنرز کے لئے بنائی گئی پچ پر دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ریکارڈ20وکٹ گر گئے،پاکستانی بیٹرز اپنے ہی جال میں پھنس کر ویسٹ انڈیز کی بولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے لئے مشکل وکٹ پر اہم ٹاس جیتا اور پہلی اننگز میں9رنز کی اہم برتری حاصل کرلی۔نعمان علی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے اسپنر بن گئے۔انہوں نے مجموعی طور پر41رنز کے عوض چھ وکٹ لیتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو163رنز پر آئوٹ کرانے میں مرکزی کردار ادا کیا،پاکستان کی شاندار بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کے 7 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی نہ جاسکے، ان کھلاڑیوں میں سے4بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ کاشف علی نے ڈیبیو میچ میں پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی۔جواب میں بابر اعظم ،کپتان شان مسعود، کامران غلام اور سلمان آغا ناکام رہے اور پاکستانی ٹیم پہلے دن کھیل کے اختتام پر154رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کی اننگز میں54رنز پر8 اور 95رنز پر9وکٹ گرگئے لیکن گڈا کیش موتی نے مزاحمت کی اور چار چوکوں کی مدد سے 55 رنز 110 گیندوں پر بنائے۔وہ18کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ تھے لیکن کپتان نے نعمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو پر ریویو نہیں لیا اس وقت مجموعی اسکور68رنز تھا۔ٹی وی ری پلے کے مطابق وہ آئوٹ تھے۔ میزبان ٹیم کا ٹاپ آرڈر مکمل ناکام رہا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے شان مسعود اور محمد حریرہ بالترتیب 15 اور 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابراعظم ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، وہ محض ایک رن بنانے کے بعد اسپنر کی گیند پر بولڈ ہوگئے، مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام بھی 16رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ پچھلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی نائب کپتان سعود شکیل اور محمد رضوان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو تھوڑا آگے بڑھایا لیکن سعود شکیل 32رنز پر باؤنڈر لائن کے قریب کیچ دے بیٹھے۔