ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ جنگ ) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دو دہائیوں سے قبائلی علاقہ جات میں زندگی کا چین اور سکون تباہ ہو چکا ہے وہاں کے وہ علاقے جو امن کا گہوارہ تھا وہاں وحشت ٹپک رہی ہے قبائل کے انضمام کا فیصلہ اس ٹائم پر غلط تھا یہی وجہ ہے کہ آج وہاں پر ہر طرف مایوسی ہی مایوسی ہے قبائلی عمائدین کے ساتھ بہت جلد ایک جرگہ منعقد کیا جائے گا جس میں تمام قبائل اور تمام ایجنسیوں کے لوگ شامل ہونگے ،وحشت ٹپک رہی ہے ،صوبہ اور قبائل میں کسی بھی صورت حالات کی درستگی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے، کرپشن اپنے عروج پر ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ شورکوٹ میں قبائلی مشران اور صحافیوں سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ قبائل امن چاہتے ہیں اور وہ آج بھی اس سلسلے میں اپنے موقف پر قائم ہیں ان کا کہنا تھا کہ 20 سالوں سے صوبہ اور قبائل جل رہے ہیں جس کا کوئی بھی حل تاحال سامنے نہیں آیا ان کا کہنا تھا کہ امن کے نام پر ہمارے وسائل پر قبضہ کیا جا رہا جے یو آئی ہر حال ہر صورت میں قبائل کے شانہ بشانہ ہے ہم کسی بھی صورت میں جبر اور ظلم کے ساتھ نہیں ہوسکتے۔