• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی وزیر بلال یاسین کی چہان ڈیم منصو بہ مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنیکی ہدایت

راولپنڈی (جنگ نیوز) وزیر ہائوسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ بلال یاسین نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی فنڈنگ سے واسا راولپنڈی کے زیر نگرانی جاری چہان ڈیم واٹر سپلائی میگا پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ ایم ڈی واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیر ہائوسنگ نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ڈیم کی تعمیر کا الگ الگ جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چہان ڈیم منصوبے پر بروقت کام شروع ہونا خوش آئند ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل پر تین لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہو گی۔ اس موقع پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کرنیوالی چائنیز فرم نے بریفنگ دی اور بتایا کہ انٹیک چیمبر اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر پر کام جاری ہے اور ایک ماہ کی قلیل مدت میں منصوبے کا دو فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مین سائٹ آفسز اور موبلائزیشن اسکے علاوہ ہے ۔ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے کہا کہ ڈریمز پروگرام کے تحت واٹر سپلائی کے میگا پراجیکٹس پر کام شروع ہو گیا ہے جن میں چہان ڈیم سے یومیہ ایک کروڑ بیس لاکھ گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام تیزی سے کام جاری ہے۔ اس منصوبے پر 6.30 بلین روپے لاگت آئے گی اور تین سال میں مکمل کر لیا جائیگا جبکہ چہان ڈیم کے ساتھ ساتھ راول ڈیم سے بھی اضافی پچاس لاکھ گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نےکہا کہ پینے کے صاف پانی کے منصوبے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح ہیں۔ اس منصوبے سے راولپنڈی شہر کے پس ماندہ علاقوں کو صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور مختص وقت سے پہلے مکمل کیا جائے ۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبے کی مختلف سائٹس کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکیا۔
اسلام آباد سے مزید