• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکورٹی فورسز کی KP میں کارروائیاں، 30 خوارج ہلاک، صدر، وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین

راولپنڈی(نمائندگان جنگ،ایجنسیاں ) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 30خوارج کو ہلاک کردیا، صدر، وزیر اعظم کا فورسز کو خراج تحسین،لکی مروت میں انٹیلی جنس کارروائی کے دوران 18،کرک میں 8اور خیبر میں 4خوارج مارے گئے ،6زخمی حالت میں گرفتار ،صدر ،وزیراعظم ،سپیکر اور وزیر داخلہ نے اپنے بیانات میں کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 24 اور 25 جنوری کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا گیا۔ جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور 18 خوارج کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دوسری انٹیلی جنس کارروائی ضلع کرک میں کی گئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے اس کے علاوہ تیسری جھڑپ خیبر ضلع کے عمومی علاقے باغ میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔باغ میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں خارجی رہنما عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل اور خارجی مخلص بھی شامل تھے، جبکہ 2 خوارج زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

اہم خبریں سے مزید