اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے،چینی سرمایہ کاروں کی پولیس کے خلاف سنگین شکایات کی مکمل چھان بین ضروری ہے۔ انہیں ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اربوں ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری بالخصوص چین کا بڑے پیمانے پر اقتصادی تعاون اس کی اعلیٰ مثال ہے۔ حال ہی میں چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ پنجاب میں سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں سندھ کے دارالحکومت میں ایک افسوسناک صورتحال کا سامنے آنا لمحہ فکریہ ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں مقیم کئی چینی سرمایہ کاروں نے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ایک درخواست میں شکایت کی ہے کہ سندھ پولیس سکیورٹی کے نام پر ان سے رشوت وصول کرتی ہے اور انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔ ایئرپورٹ پر بلٹ پروف گاڑیوں کے نام پر انہیں گھنٹوں انتظار کروایا جاتا ہے اور رشوت دینے پر پولیس حکام انہیں اپنی گاڑیوں میں رہائش گاہ پہنچاتے ہیں۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا ہے کہ سندھ پولیس چینی مہمانوں کی حفاظت کے تناظر میں جاری کردہ ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کرانے کی پابند ہے۔ پولیس چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔ چینی سرمایہ کاروں کی پولیس کے خلاف سنگین شکایات کی مکمل چھان بین ضروری نیز کاروباری ماحول کو بہتر بنانا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا تحفظ اور ہر سطح پر رشوت کا خاتمہ ناگزیر ہے۔