• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ پولٹری قیمتوں میں اضافہ روکنے میں کامیاب نہ ہوسکی

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں کی ضلعی انتظامیہ پولٹری کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ روکنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ پولٹری مافیا نے سوا ماہ کے دوران زندہ مرغی کی قیمتوں میں ڈیڑھ سو روپے کے لگ بھگ کا اضافہ کر دیا لیکن حکام خاموش تماشائی بنے رہے۔ آٹے کی قیمتوں میں کچھ عرصہ کے دوران 2ہزار روپے فی من تک کمی کے باوجود نانبائی بدستور نان 25روپے کا فروخت کررہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولٹری فیڈ مہنگی ہونے کا مسئلہ ہے تو کم از کم تمام فیڈ کی قیمت مرغی کے ایک کلو کی قیمت سے تو پوری نہیں کی جانی چاہئے۔ اگر فی من اضافہ ہوا بھی ہو تو فی کلو چند روپے سے زیادہ نہیں بڑھنے چاہئیں تھے۔ شہریوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اور راولپنڈی اسلام آباد کے کمشنرو ڈپٹی کمشنرز اور چیف سیکرٹری پنجاب زندہ مرغی کی قیمتوں میں ہونیوالا اضافہ فوری واپس کروا کے پولٹری مافیا کیخلاف سخت کارروائی کرائیں۔ کارٹلائزیشن پر برائلر چوزے کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کا نوٹس لیا جا سکتا ہے تو پولٹری کی قیمتوں پر بھی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے۔ چکری دھمیال ایریاز میں مرغی کا گوشت سرکاری 597کی بجائے 700روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ ادہر مارکیٹ میں انڈوں کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے جو 240روپے درجن تک آ گئے۔
اسلام آباد سے مزید