اسلام آباد‘ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار‘ سٹاف رپورٹر) جڑواں شہروں میں درجنوں وارداتوں میں شہری کروڑوں روپےکی قیمتی اشیاء‘ زیورات‘ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سےمحروم ہو گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں 10وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی،زیورات اور دیگر اشیاء کے ساتھ 4موٹر سائیکل اُڑا لئے گئے۔ تھانہ کوہسار، تھانہ کراچی کمپنی اور تھانہ نون وارداتیوں کا نشانہ رہے۔ تھانہ شہزاد ٹاؤن سے چار موٹر سائیکل اُڑا لئے گئے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ باالجبر، چوری، نقب زنی اور راہ زنی کی وارداتوں میں شہری ایک گاڑی، رکشہ، 14موٹر سائیکلوں، طلائی زیورات، موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم ہو گئے۔ گن پوائنٹ پر 5موٹر سائیکل اور ایک رکشہ چھین لیا گیا۔ 7افراد سے جھپٹا مار کر ان کے موبائل فون چھین لئے گئے۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقہ پشاور روڈ پر فارماسٹ میڈیسن کمپنی کے سپلائر زین مجید اور ڈرائیور محمد صدیق سے 3موٹر سائیکل سوار گن پوائنٹ پر 2موبائل اور ایک لاکھ روپے، تھانہ نصیر آباد کے علاقہ پیرودھائی موڑ کے قریب 2موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر ریاست علی سے 6ہزار روپےاور اے ٹی ایم، تھانہ آراے بازار کے علاقہ جھاورا موڑ کے قریب 3ملزمان سواریوں کے روپ میں اسلحہ کی نوک پر ولی خان کا رکشہ اپلائیڈ فار، تھانہ ریس کورس کے علاقہ ڈھوک سیداں میں 3موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر سید ذوالقرنین سے موبائل اور11 ہزار روپے، تھانہ ٹیکسلا کے علاقہ کوہسار کالونی میں 3نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر محمد عاقل سے موٹر سائیکل 125، تھانہ ٹیکسلا کے علاقہ محلہ پڑی سے 2موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر اکاش سے موٹر سائیکل اور 2موبائل، تھانہ دھمیال کے علاقہ پنگلڑ روڈ پر 2نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر نوید خان سے موٹر سائیکل، موٹر سائیکل کی اصل رجسٹریشن بک، شناختی کارڈ،1400 روپے اور موبائل، تھانہ روات کے علاقہ بحریہ فیز 8میں 2موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر لیپرڈ کوریئر کے محمد عاقب اور ڈرائیور راجہ فیصل کو روک کر گن پوائنٹ پر دولاکھ روپے، گاڑی کی چابی چھین کر فرار ہو گئے۔ صادق آباد میں اسرار محمود کے گھر کا تالہ توڑ کر سونا مالیتی 6لاکھ روپے، نقدی ایک لاکھ 56ہزار روپے، انگوٹھیاں مالیتی 35ہزار روپے اور سلائی مشین، بحریہ فیز 8میں عمر خان کے گھر کی پچھلی سائیڈ سے شیشہ توڑ کر اندر سے4 تولے سونا اور اڑھائی لاکھ روپے، اٹامک سوسائٹی میں تنویر اختر کے گھر کا تالہ توڑ کر 32لاکھ روپے اور دیگر سامان ایل سی ڈی سکرین، استری، اوون، موبائل اور مردانہ زنانہ نئے کپڑے چوری کر لئے گئے۔