• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا یوم سیاہ اور احتجاجی تحریک اسکی روایت کے عین مطابق ہے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر)تحریک انصاف کا آٹھ فروری کو یوم سیاہ اور ملک گیر احتجاجی تحریک اسکی روایت کے عین مطابق ہے کہ جب بھی کوئی غیر ملکی اہم شخصیت پاکستان آرہی ہوتی ہے اسے افراتفری اور عدم استحکام لازماً پیدا کرنا ہوتا ہے۔

8 فروری کے دو روز بعد عظیم برادر ملک ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے تین روزہ دورے پر آرہے ہیں،مغرب اور نئی امریکی انتظامیہ کی توجہ حاصل کرنا بھی ایجی ٹیشن کا مقصد ہے جنہوں نے تحریک انصاف کو نظرانداز کر دیا ہے،پنجاب میں حمزہ عالیہ کو سب سے بڑا چیلنج خود تحریک انصاف کے اندر سے مل رہا ہے،حکومت بھی نئی صورت حال سے خوفزدہ ہے۔

تحریک انصاف کا 8 فروری کو یوم سیاہ منانے اور ملک گیر احتجاج کااعلان اس کی روایات کے عین مطابق ہے جس میں وہ کسی غیر ملکی اہم شخصیت کےدورہ پاکستان کے موقع پر ملک میں افراتفری پھیلانے اور ہنگامہ آرائی کو خود پر لازم کرلیتی ہے۔ 

اس نئے اعلان کے محض دو روز بعد پاکستان کے عظیم برادر ملک ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان تین روزہ دورے پر پاکستان آرہے ہیں۔ 

قابل اعتماد پارلیمانی ذرائع نے جنگ /دی نیوز کو یہاں بدھ کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف نے حکومت اور حزب اختلاف کے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کے لئے ڈیڈ لائن سے پہلے ہی اس عمل سے دستکش ہونےکا اعلان یکطرفہ طور پر کیا تھاتاکہ وہ پورے انہماک سے ملک میں امن عامہ اور استحکام کے لئے مسائل پیدا کرسکے۔ ترکیہ کے صدر سرمایہ کاروں کے ایک وفد کے ہمراہ پاکستان آرہے ہیں۔ 

ذرائع کاخیال ہے کہ تحریک انصاف نے جنوری کا مہینہ مذاکرات کا ’’شغل‘‘ لگا کر گزاراتاکہ اس دوران وہ خبروں اور سرخیوں میں رہ سکے اسے توقع تھی کہ واشنگٹن میں اقتدار کے ہاتھوں کی تبدیلی کے سا تھ ہی پاکستان کی انتظامیہ پر ایسا دباؤ آئےگا کہ وہ تحریک انصاف کےسامنے گھٹنے ٹیک دینے پر مجبور ہوجائے گی یہ امید بھی پوری نہیں ہوسکی۔

اہم خبریں سے مزید