اسلام آباد(نمائندہ جنگ)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے نئے سال کے موقع پر پیغامات میں صدر شی جن پنگ، چین کے برادر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ’’ون چائنا‘‘پالیسی پر مضبوطی سے کاربند رہے گا جو ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے،ہم مل کر عالمی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کے لیے بامعنی شراکت کرتے رہیں گے،بدھ کو ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر نے اپنے خط میں پاکستان اور چین کے مابین ”آہنی دوستی“ مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے اور دوستی کے بندھن کو آگے بڑھانے کیلئے بیجنگ میں چینی صدر سے تبادلہ خیال کا منتظر ہوں۔ انہوں نےاک چین تعلقات اور پاک چین اقتصادی راہداری کو آگے بڑھانے میں چینی صدر کی بصیرت انگیز قیادت کا شکریہ ادا کیا، پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار اور مسلسل بڑھتی ہوئی دوستی کو سراہا ۔