بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا اپنی جرسی کے نمبر 18 سے گہرا تعلق ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جب ویرات کوہلی نے بھارت کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں کھیلنا شروع کیا تب سے ہی ان کی جرسی کا نمبر 18 ہے اور اب ون ڈے، ٹی 20 اور ٹیسٹ میں بھی اُن کی جرسی کا نمبر 18 ہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹر نے ابتداء میں اپنی جرسی کے لیے 18 نمبر کا انتخاب خود نہیں کیا تھا لیکن بعد میں اس نمبر نے ان کی زندگی میں خاص اہمیت حاصل کر لی۔
رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی کی زندگی میں 18 نمبر کی خاص اہمیت کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اُنہوں نے 18 نمبر کی جرسی پہننے کے بعد ہی اپنی زندگی میں کامیابیاں حاصل کرنا شروع کیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹر کا 18 نمبر سے گہرا اور جذباتی تعلق بھی ہے کیونکہ 18 دسمبر 2006ء کو ان کے والد پریم کوہلی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔
رپورٹ کے مطابق جس وقت ویرات کوہلی کے والد کا انتقال ہوا اس وقت وہ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کرناٹک کے خلاف دہلی میچ کھیل رہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹر نے والد کے انتقال کے غم کے باوجود بھی اگلے دن اپنا میچ کھیلا۔
رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے 18 نمبر کو اپنے ریسٹورنٹ سمیت دیگر کاروبار کے ناموں میں بھی شامل کر لیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹر کی نظر میں 18نمبر کی اس قدر اہمیت ہے کہ اُنہوں نے اپنی گاڑیوں کے لیے خصوصی نمبر پلیٹس بنوائی ہیں۔
ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ویرات کوہلی نے انٹرنیشنل کرکٹ ڈیبیو بھی 18 اگست 2008ء کو کیا تھا۔