• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پھر پیشکش، انتخابات کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی اپنا کام مکمل کرے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کو ایک بار پھر بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صدق دل سے مذاکرات کیلئے تیار ہے‘پی ٹی آئی آئے ہم ہاؤس کمیٹی کی کارروائی کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں‘ ہاؤس کمیٹی 2018 اور 2024کے الیکشن کی تحقیقات کرے‘ اسی طرح پارلیمانی کمیٹی 26 نومبرکے دھرنے اور 2014کے دھرنے کا بھی احاطہ کرے‘ ہم نے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کئے اور پی ٹی آئی کو سازگار ماحول فراہم کیامگر یہ بات چیت سے بھاگ رہے ہیں‘2018ءکے الیکشن پر عمران خان نے جوڈیشل کمیشن نہیں بلکہ پارلیمانی کمیٹی بنائی تھی ‘یہ اپنے گریبان میں جھانکیں ‘ ملک انتشار کے ذریعے مزید کسی نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ میرے خیال سے شرح سود میں کم از کم 2 فیصد کمی ہونی چاہیے تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزریراعظم کاکہناتھاکہ امن کے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ خوارج اوردہشت گردوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے پس منظر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان کی مذاکرات کی پیش کش قبول کرتے ہوئے اسپیکرقومی اسمبلی کے توسط سے کمیٹی کی تشکیل کے بعد بات چیت شروع کی‘ کمیٹی نے کہا کہ مطالبات لکھ کردیئے جائیں جن کا جواب بھی تحریری دیا جانا تھا لیکن مقررہ تاریخ سے قبل ہی پی ٹی آئی مذاکرات سے بھاگ گئی‘ کمیٹی نے ان سے بیٹھ کر بات کرنے کی درخواست کی جو نہیں مانی گئی۔

اہم خبریں سے مزید