اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سروس ڈلیوری کے عمل میں شفافیت لانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ تمام شعبوں میں عنقریب خودکار نظام قائم کیے جائیں گے کراچی میں قائم ہونے والے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی طرز پر تمام شعبوں میں عنقریب خودکار نظام قائم کیے جائیں گے،وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز چیئرمین شبیر دیوان کی قیادت میں پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے مقامی طور پر تیار کردہ خام مال اور دیگر اشیاء کو عالمی معیار کے مطابق لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کا تعارف معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے، ملکی ترقی اور معاشی استحکام حکومت اور کاروباری برادری کے مابین تعاون پر منحصر ہے،محصولات میں اضافہ اور ٹیکس بیس کی توسیع ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔