کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں میزبان نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ حماس کی جانب سے یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ منظم ہے ۔ ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے دوبارہ مذاکرات کی آفر انتہائی مناسب اور اہمیت کی حامل ہے اگر اپوزیشن پورا سچ جاننا چاہتی ہے تو پھر ٹھیک ہے 2014 سے ان چیزوں کا آغاز کرنا ہوگا اور پورا سچ لانا بھی وہی چاہے گا جس کو اپنے ماضی کے حوالے سے کوئی خدشہ نہ ہو ویسے بھی مذاکرات تو اپوزیشن کی فطرت میں ہے ہی نہیں کیونکہ مذاکرات میں بات کرتے ہیں تو پھر سنتے بھی ہیں لیکن ان کو سننے کی عادت ہے نہیں اور بات بھی مذاکرات میں دلیل سے ہوتی ہے بھلے دلیل جس کی بھی وزنی ہو اس کو مانا جانا چاہئے ۔ یہ جو یکطرفہ یہ لوگ مذاکرات سے بھاگے ہیں اس کی وجہ یہی ہے کہ ان کے پاس دلیل کا جواب نہیں ہوتا ۔ ہم اس طرح کے لوگ نہیں کہ بات کریں اور بھاگ جائیں یاد کریں 35پنکچر پر بھی یہی بھاگے تھے جب اس وقت کے چیف جسٹس نے کمیشن بنایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو ہم نے وہی آفر کی ہے جو یہ چاہتے تھے اور جب یہ حکومت میں تھے تو انہوں نے ہمیں یہ آفر کیا تھا ۔پارلیمانی کمیشن میں دونوں جانب سے ہیئرنگ ہوگی دنیا دیکھے گی اگر ہمارے دل میں کھوٹ ہوتا تو ہم کیوں پارلیمانی کمیشن آفر کرتے اور یہ آفر Valid ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ اگر کوئی چیز ہے تو آئیں بیٹھیں نکال لیتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جس طرح 2014ء میں ہم پراعتماد تھے آج بھی پراعتماد ہیں ہاں اگر کوئی ایسی بات نکل آئی تو ہم کھلے دل سے گھر چلے جائیں گے فارم 47 اور جعلی حکومت کے موقف سے تو اپوزیشن پیچھے ہٹی ہے آپ دیکھ لیں ان کے مطالبات میں تو یہ مطالبہ ہی نہیں ہے ۔