راولپنڈی (وسیم اختر سٹاف رپورٹر)پنجاب بھر میں احتجاج اور دھرنوں سے نمٹنے کے لئے بنائی گئی رائٹ مینجمنٹ پولیس کے لئے سلیکشن کاعمل شروع کردیاگیا۔ذرائع کے مطابق صوبہ میں فسادات سے نمٹنے کے لئے اینٹی رائٹس پولیس پنجاب قائم کی گئی ہے جس کے لئے پنجاب بھر سے 5ہزار آٹھ سوملازمین کاانتخاب کرنے کے لئے سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔راولپنڈی ریجن کے لئے ایس ایس پی پی ایچ پی راولپنڈی محمد بن اشرف کو سلیکشن کمیٹی کاچئیرمین مقرر کیاگیاہے جب کہ ممبرزمیں متعلقہ ضلع کا ایس پی ہیڈکوارٹرزاور پی ایچ پی کا ڈسٹرکٹ آفیسر شامل ہیں۔ رائٹ منیجمنٹ پولیس میں ایسے ملازمین کو رکھاجائے گا جن کی عمر 45سال سے کم ہو،اور قد کم ازکم 5فٹ 8انچ ہو،راولپنڈی ریجن میں 700 پولیس ملازمین کی سلیکشن کی جائے گی۔ان میں راولپنڈی ضلع میں 300چکوال میں 100،جہلم میں 100اور ضلع اٹک میں 200ملازمین کاچناؤہوگا ۔راولپنڈی ریجن سے کل 8 انسپکٹروں ،16سب انسپکٹروں ،28اے ایس آئیز،48ہیڈکانسٹیبلوں اور 600کانسٹبلیوں کی سلیکشن کی جائے گی ۔