کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعلان پر تنقید میں شدت آرہی ہے ۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے فہیم اشرف کی سلیکشن پر کہا کہ ابتدائی 20میچوں میں فہیم اشرف کی بولنگ اوسط 100ور بیٹنگ اوسط محض 9کی، اب آگے کیا کہہ سکتے ہیں۔ میرے لیے حیران کُن ہے کہ دنیا بھر کی ٹیموں نے ایشیائی پچوں کے باعث اسپنرز کی تعداد بڑھائی ہے لیکن پاکستان صرف ابرار احمد کیساتھ جارہا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے، مگر اعلان کردہ اسکواڈ کے ساتھ یہ آسان نہ ہوگا۔ واضح رہے کہ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اپنا آخری ون ڈے میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 11ستمبر 2023میں ایشیاکپ میں کھیلا تھا جہاں پاکستان کو بدترین شرکت کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ خوشدل شاہ نے پاکستان کیلئےاپنا آخری میچ 7 اکتوبر 2023کو کھیلا تھا۔