کراچی(اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ واٹر کارپوریشن لیاری سمیت شہر بھر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے بہتر اقدامات کر رہی ہے، لیاری کے عوام سے وعدہ ہے کہ ہم دکھ سکھ میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی تکالیف کا مداوا کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری کے منتخب عوامی نمائندوں کے اعلیٰ سطح کے وفد سے چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کے دوران کیا ،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نبیل گبول، اسپشل اسسٹنٹ تیمور سیال،اسپشل اسسٹنٹ عثمان ہنگورو رکن صوبائی اسمبلی یوسف بلوچ اور دیگر موجود تھے، وفد نے میئر کراچی کو لیاری میں درپیش فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں میئر کراچی نے وفد کو تمام شکایات کے فوری حل کی مکمل یقین دہانی کرواتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ تمام منتخب عوامی نمائندوں سے بھرپور تعاون کیا جائے اور لیاری کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔