اسلام آباد (رانا غلام قادر) وفاقی کابینہ کے فیصلہ کے بعد سی پیک کے تحت چھ ارب ستر کروڑ ڈالرز کے کراچی تا پشاور ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جس سے منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کی راہ ہموار ہوگئی۔ چینی ماہرین کا وفد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ دورے کے دوران ایم ایل ون منصوبے کے مالیاتی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔ بڈنگ کے بعد منصوبے پر فوری کام کا آغاز کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے اگست2024 میں ایم ایل ون منصوبے کے پہلے مرحلے پر مالیاتی یقین دہانی کے حوالے سے مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق ایم ایل ون منصوبے کے لئے 85فیصد یا پانچ ارب ستر کروڑ ڈالرز فنڈز چین کی جانب سے فراہم کئے جانے کا امکان ہے۔