• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک کی آمد، پشاور میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

پشاور (سروے رپورٹ عزیر احمد)ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں ، ایک ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں فی کلو 30 روپے ،چاول 20 اور گھی کی قیمت میں 50 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے اسی طرح گوشت، دودھ اور پھلوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں جبکہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے، ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو سبسڈائز گھی ، چینی اور آٹے کی فراہمی کی بندش کی وجہ سے اس مرتبہ عوام عام مارکیٹ سے مہنگی خریداری پر مجبور ہوں گے، روزنامہ جنگ سروے کے مطابق چینی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کے بعد فی کلو چینی کی قیمت 150 روپے ہوگئی ہے ، چاول کی قیمت 270 سے 315 ، گھی کی کم از کم قیمت 400 روپے سے بڑھ کر 450 ، بیسن 180 سے 220 روپے ہوگئی ہے البتہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح پشاور میں بھی سپر فائن آٹا 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار روپے برقرار ہے،دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، دال مسور کی قیمت 250 سے 280 ، دال چنا 360 سے 380 روپے ، دال ماش کی قیمت 460 روپے اور لوبیا کی فی کلو قیمت 400 روپے ہوگئی ہے، اسی طرح اچار کی قیمت 540 سے بڑھ کر 580 اور کھجور 520سے 600 روپے تک پہنچ گئی ہے
پشاور سے مزید