• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فلمساز کی بہو نے سسرالیوں پر جہیز کیلئے ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا

جنوبی بھارت کے کنڑ فلم ساز ایس نرائن کی بہو پویترا نے سسرال والوں پر مزید جہیز کے لیے ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کروا دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقدمے میں پویترا نے الزام لگایا ہے کہ سسر ایس نرائن، ساس بھاگیوتی اور شوہر پون نے مجھے جہیز لانے پر مجبور کیا۔

پویترا نے بنگلور پولیس کو مزید بتایا ہے کہ شوہر کے اخراجات کےلیے مجھے کام کرنا پڑا، کئی بار پیسے اور زیورات بھی دینے پڑے۔

فلم ساز کی بہو نے مقدمے میں کہا ہے کہ میرے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو تو اُس کے ذمے دار سسرال والے ہوں گے۔

پویترا نے بتایا کہ پون نے مجھ سے اور میری والدہ سے 1 لاکھ 75 ہزار روپے دو اقساط میں لیے، فلم اکیڈمی کےلیے والدہ کو سونا گروی رکھنا پڑا اور بعد میں 10 لاکھ کا پروفیشنل قرض بھی لیا، جو تاحال واپس نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شادی کے تحفے میں دی گئی سونے کی انگوٹھی پر بھی تنازع ہوا تھا، ہم شادی کے چند ماہ بعد ہی سسرال چھوڑ کر کرائے کے مکان میں منتقل ہوئے لیکن ایک سال بعد لوٹ آئے۔

پویترا نے یہ بھی کہا کہ شوہر پون کی ڈگری مکمل نہیں اور نوکری بھی نہیں ہے، مجھے خاندان کی کفالت کا کام شروع کرنا پڑا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے پویترا کے سسر، ساس اور شوہر کو نوٹس جاری کیا اور انہیں تفتیش کےلیے طلب کرلیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید