کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں سینئر صحافی و تجزیہ کار، سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ دیکھنا یہ ہے کہ مولانا کو حکومت اور اپوزیشن کیا فائدہ دے سکتے ہیں،جدھر فائدہ ہوگا مولانا ادھر جائیں گے نقصان کا سودا وہ کیوں کریں۔
ماہر بین الاقوامی امور، کامران بخاری نےکہا کہ ایرا ن اور امریکا کے درمیان پس پردہ بڑی اہم مووز ہورہی ہیں۔ترکیہ کے ساتھ بھی ایک نیا تعلق بننے جارہا ہے۔چین پر بھی دباؤ ڈالا جارہا ہے،نمائندہ جیو نیوز ، حیدر شیرازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار، سہیل وڑائچ نے کہا کہ جب اتحاد بنتا ہے تو جمہوریت میں اس کا فائدہ ہوتا ہے۔
اس وقت پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو جو رول ہونا چاہئے وہ نہیں ہے۔اپوزیشن اتحاد کا پہلا اعلامیہ بہت معنی خیز ہے۔پہلے دن ہی اس اسمبلی کو ختم کرنے اور نئے الیکشن کی بات کررہے ہیں۔خود تو آپ اسمبلی میں بیٹھے ہیں اور حکومت سے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں یہ بڑا تضاد ہے۔
بہترین سیاست یہ ہے کہ اسمبلی کے اندر بھی رہیں اور باہر احتجاج بھی کریں۔دیکھنا یہ ہے کہ مولانا کو حکومت اور اپوزیشن کیا فائدہ دے سکتے ہیں۔
جدھر فائدہ ہوگا مولانا ادھر جائیں گے نقصان کا سودا وہ کیوں کریں۔ بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں میں دانائی نظر نہیں آتی۔ کامیاب سیاست دان وہ ہے جو راستہ نکالے۔اسٹیبلشمنٹ سے ٹکر لینا کیا اہل سیاست کو سوٹ کرتا ہے۔