کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8فروری 2024کو عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، فارم 45کے بجائے فارم 47کے ذریعے ہارے ہوئے لوگوں کو عوام پر مسلط کر دیا گیا، ایم کیو ایم کراچی میں 5500پولنگ اسٹیشن پر سے کسی ایک پر بھی نہیں جیتی لیکن اسے قومی اسمبلی کی 15نشستیں اور پیپلز پارٹی کو 7نشستیں دے دی گئیں، صوبائی اسمبلی کی 25نشستیں ایم کیو ایم کواور بقیہ پیپلز پارٹی اور دیگر لوگوں میں تقسیم کر دی ہیں،عوامی رائے کو کچلنے اور مینڈیٹ پر ڈاکے کے عمل میں الیکشن کمیشن نے فراڈ کمیشن ہونے کا ثبوت دیا، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے ایک سال مکمل ہونے پر ہفتہ 8فروری کو ملک گیر ”یوم ِ سیاہ“ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سندھ کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ بدترین دھاندلی اور نتائج میں تبدیلی کے تمام ثبوت و شواہد، الیکشن کمیشن اور ٹریبونلز میں پیش کیے گئے مگر ایک سال ہوگیا کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں حکومت میں اورشعبہ تعلیم کا بیڑا غرق کر رہی ہیں، پریس کانفرنس میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل قاضی صدر الدین، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،سکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی اور سیکریٹری ضلع قائدین نعمان حمید بھی موجود تھے۔