کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹریفک جام اور حادثات سے بچائو کے حوالے سے سندھ حکومت نے حکمت عملی مرتب کرلی ہے جلد ہی شہر میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر بلا کسی تفریق کے تمام ٹاؤنز میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے مہم کا آغاز کیا جارہا ہے، ٹرانسپورٹ برادری کے بھی تمام جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا، شہر میں ہیوی ٹرانسپورٹ اور بسوں کے داخلہ پر پابندی حادثات میں ہوش ربا اضافے اور ٹریفک جام کے باعث کی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں دو مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سہراب گوٹھ ٹائون میں درپیش مسائل، انکروپمنٹ، برساتی نالے سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔