اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کے چارج سنبھالنے کے پہلے 100 دنوں کے اندر زیر التوا ء مقدمات میں تین ہزار کی کمی ہوئی جبکہ سپریم کورٹ نے مجموعی طور پر 8ہزار 174مقدمات کے فیصلہ کیے ہیں، سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق 4 ہزار 963 نئے مقدمات کا اندراج ہوا، سپریم جوڈیشل کونسل کے دو اجلاسوں میں اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے کیخلاف مجموعی طور پر 46 شکایات کا جائزہ لیا گیا ،جن میں سے 40 شکایات کو نمٹادیا گیا جبکہ پانچ شکایات کے مواد کی بناء پر پانچ ججوں سے ابتدائی جواب طلب کیا گیا ایک جج کیخلاف شکایت پر مزید تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں،اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کے چارج سنبھالنے کے پہلے 100 دنوں کے اندر عدلیہ نے انصاف کے شعبے میں کارکردگی، شفافیت، احتساب اور رسائی کو بڑھانے کیلئے اہم اصلاحات نافذ کی ہیں، ان میں مقدمات کے انتظام کو بہتر بنانے، مدعیان اور وکلا ء کو سہولیات فراہم کرنے اور قانونی معاملات کے بروقت حل کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ۔