اسلام آباد (فاروق اقدس / تجزیاتی جائزہ) بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعہ کو وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ امریکا کی تصدیق کرتے ہوئے فخریہ انداز میں ان کا شمار ان گنے چنے عالمی راہنمائوں میں کیا جو دوسری مرتبہ صدر کا عہدہ سنبھالنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کیلئے امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ اطلاع دینے میں بھی خاصا تفاخر نمایاں تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر وزیراعظم مودی نے انہیں بلاتاخیر مبارکباد کا جو پیغام بھیجا تھا اس میں امریکی صدر کو ’’ڈیئر فرینڈ‘‘ لکھ کر مخاطب کیا تھا۔ ترجمان نے میڈیا کے نمائندوں کو جس فرط طرب اور انبساط سے یہ خبر سنائی اس سے یقیناً وہاں موجود میڈیا کے سینئر نمائندوں کو گجرات کے وزیراعلیٰ سے لیکر عہد حاضر تک امریکی دورے کا پس منظر ضرور یاد آیا ہوگا جب امریکا نے نریندر مودی کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی اور نریندر مودی کی خاموش جدوجہد، جستجو اور خواہش کے باوجود گجرات کے وزیراعلیٰ امریکی ویزا حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہے۔