حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام (جے یو پی) کی میزبانی میں حیدر چوک حیدرآباد میں برادراسلامی ملک ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی اور عالمی طاقتوں کی جارحیت کے نتیجے میں سید علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف ایک بڑا تعزیتی و احتجاجی مظاہرہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی قیادت میں منعقد ہواجس میں ملی یکجہتی کونسل میں شریک جماعتوں کے قائدین‘ علماءکرام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی‘ ان کا خون رنگ لائے گا اور امریکہ اسرائیل اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہونگے اب بھی آیت اللہ خامنہ ای اور ان کی قوم کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں‘ پوری دنیا میں اس ننگی جارحیت پر امریکہ اور اسرائیل پر لعنتیں برس رہی ہیں اور پوری دنیا کے مسلمان بغیر مسلک کی تفریق کے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف متحد ہورہے ہیں۔