کراچی (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ سرکاری مفت پٹرول کی سہولت ختم ہونی چاہئے۔حکومت پاکستان کو فوری طور پرغزہ پیس بورڈ سے باہر آجانا چاہئے، اگر حکمران غزہ پیس بورڈ سے باہر نہیں نکلیں گے تو عوامی دباؤ کے ذریعے انہیں نکالنا پڑے گا۔وہ گلشن معمارمیں جماعت اسلامی ضلع گڈاپ کے تحت امریکہ و اسرائیل مردہ باد جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کررہے تھے۔جلسے سے امیر جماعت اسلامی ضلع گڈاپ محمد عرفان،صدر پبلک ایڈ کمیٹی گڈاپ ابو ضیاء پرویز و دیگر نے بھی خطاب کیا،جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع گڈاپ طارق رحمان نے بین الاقوامی صورتحال پر قرارداد پیش کی۔ جس میں کہا گیا کہ امریکہ کی جانب سے مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر حملہ کرناکھلی دہشت گردی ہے، ایران میں معصوم شہریوں جن میں 168 طالبات، ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کو نشانہ بنایا گیا جس میں ان کی 14 ماہ کی نواسی بھی شامل ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہپاکستان میں حکومتی و اپوزیشن پارٹیاں اور حکمران طبقہ مزاحمت کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ امریکہ،بھارت اور اسرائیل کا شیطانی اتحاد ہے جس نے مسلمانوں کے خلاف گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے۔ اگر ہم اس وقت بھی مسلکی اختلافات میں لگے رہے تو اسلام اور مسلمانوں کے دشمن اسی طرح ہمیں مارتے رہیں گے، موجودہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر ہم سب کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ مل کر اسلام کی دشمن اور طاغوتی طاقتوں کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔پیٹرول کی قیمتوں میں 55روپے اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم کو اعلان کرنا چاہئے کہ کوئی بھی سرکاری افسر 1300 سی سی سے بڑی گاڑی نہیں استعمال کرے گا۔ جب عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی تو اس وقت ہماری حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کیوں نہیں کی، ابھی تو نیا پیٹرول خریدا بھی نہیں گیا لیکن پیٹرول کی قیمت میں ہولناک اضافہ کردیا گیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ امریکہ نے اسرائیل کو غزہ پر بمباری کے لئے اسلحہ فراہم کیا ایک تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم نے نیتن یاہو کو اسلحہ فراہم کیا جس کا اس نے بہترین استعمال کیا اور افسوس کہ اسی تقریب میں پاکستان کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی باتیں کررہے تھے۔