کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے طلباکی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران صبح کی کلاسز آن لائن کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق 9 مارچ سے رمضان المبارک کے اختتام تک جامعہ کراچی کی تمام مارننگ کلاسز آن لائن منعقد کی جائیں گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ طلبہ کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رمضان کے تیسرے عشرے میں طلبہ کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے آن لائن کلاسز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف جامعہ کراچی انتظامیہ نے اخراجات میں کمی کے پیش نظر یونیورسٹی ملازمین کے پٹرول کوٹے میں بھی 25 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے وائس چانسلر کی منظوری سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔