• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے جنگ ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ افغانستان سے جنگ ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں، پاکستان نے بہت احتیاط اور توازن سے کردار ادا کیا جسے ایران نے بھی تسلیم کیا ، سعودی عرب سے متبادل راستوں کی بات ہو رہی ہے تاکہ تیل کی سپلائی میں کوئی تعطل نہ آئے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ آج اس دنیا میں ہر وہ قانون تہہ و بالا ہوچکا ہے جو دوسری جنگ عظیم کے بعد وجود میں آیا تھا اس وقت ایک ہی قانون ہے جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے۔ امریکہ ایران جنگ میں جو ایران نے ردِ عمل دیا اگرچہ وہ امریکن ایئر بیس پر تھا لیکن وہ اڈے خلیجی ممالک میں ہیں اور وہ ملک اپنی خودمختاری پر اسے حملہ سمجھتے ہیں اور ہمارے خلیجی ممالک کے ساتھ ساتھ ایران سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی کوشش یہی رہی ہے جس میں خلیجی ممالک نے بھی حصہ ڈالا کہ جنگ شروع نہ ہو۔پاکستان نے بہت احتیاط اور توازن کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا جس کو ایران نے بھی تسلیم کیا اور ہم نے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے خلیجی ممالک سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔

ملک بھر سے سے مزید