اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) وزیر اعظم معاونت پیکج کے تحت دورا ن سروس انتقال کرنے والے سر کاری ملازم کے ایک فیملی ممبر کو سر کاری ملازمت کی دی گئی سہولت واپس لے لی گئی ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے با ضابطہ آفس میمو رنڈم جاری کردیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو ہدایت کی ہے کہ نئے فیصلہ پر عمل کیا جا ئے۔ نو ٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ سہولت سپر یم کورٹ کے 18اکتوبر2024کے فیصلہ کی روشنی میں واپس لی گئی ،فیصلہ کا اطلاق بھی سپریم کو رٹ کے فیصلہ کی تاریخ سے ہوگا۔ دوران سروس انتقال کی صورت میں سول سرونٹس کو وزیر اعظم معاونت پیکج کے تحت حاصل دیگر تمام مراعات اور سہولتیں بدستور جاری رہیں گی۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وضاحت کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے وہ شہداء جو دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہوتے ہیں ۔ انکے ورثاء پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔اس فیصلے کا اطلاق سپر یم کورٹ کے فیصلہ سے پہلے کی گئی تقرریوں پر بھی نہیں ہوگا۔