حیدرآباد(بیورورپورٹ)وکلا کے احتجاج کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد کے چھٹی پر جانے اور چارج ایس ایس پی ٹنڈومحمد خان عابد بلوچ کے حوالے کئے جانے کے باوجود عابد بلوچ حیدرآباد نہیں پہنچے اور عہدے کا چارج نہیں سنبھالا،جس کے بعد فی الحال ایس ایس پی حیدرآباد کا چارج کس کے پاس ہے اس سے حیدرآباد پولیس کے ترجمان بھی لا علم نکلے،جنگ کے رابطے پر حیدرآباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایس ایس پی حیدرآباد نجی مصروفیات کے باعث چھٹی کی درخواست کے بعد عہدے کا چارج چھوڑ کر چلے گئے ہیں،قائمقام ایس ایس پی کا چارج عابد بلوچ کو دیا گیا تھا لیکن وہ ہفتہ کو حیدرآباد نہیں پہنچے تھے۔امکان ہے کہ ایس ایس عابد بلوچ پیر کو عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔جنگ نے جب چھٹیوں پر جانے والے ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ سے رابطے کی کوشش کی تو وہ فون اٹینڈ نہیں کررہے تھے۔پولیس افسران کو بھی علم نہیں ہے اس وقت حیدرآباد پولیس کا کمانڈر کون ہے۔