کراچی (جنگ نیوز) سہ فریقی سیریز کے میچ میں نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر رچن روندرا کے زخمی ہونے پر بھارتی میڈیا نے طوفان سر پراٹھالیا تھا، سب یکسوہوکر قذافی اسٹیڈیم کی لائٹس کو قصور وار قرار دے رہے تھے۔ یہ شور ابھی تھما نہیں کہ قدرت کا قانون حرکت میں آیا اور بڑبولے بھارتیوں کو شرمندگی اٹھانی پڑی۔ دراصل اتوار کو کٹک میں انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے میچ کے دوران فلڈ لائٹس تین مرتبہ گُل ہو گئیں۔ بارابتی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی خرابی کے باعث کھیل کو تقریباً 35 منٹ تک روکنا پڑا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بھارت 305 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہا تھا۔ ساتویں اوور کے آغاز سے قبل ایک فلڈ لائٹ پول کی متعدد لائٹس بند ہوئیں، اور پہلی گیند کے بعد پورا پول تاریکی میں ڈوب گیا، جس کے نتیجے میں میچ روکنا پڑا۔ کھلاڑیوں نے میدان میں کچھ دیر انتظار کیا، لیکن روشنی بحال نہ ہونے پر وہ ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد لائٹس کی مرمت مکمل ہونے پر میچ دوبارہ شروع ہوا۔