• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن مشقیں دنیا کیلئے پیغام، راستوں کی حفاظت کرسکتے ہیں، کمانڈر ایرانی بحریہ

کراچی (نسیم حیدر) ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن مشقیں 2025ء دنیا کے ممالک کیلئے بڑا پیغام ہے کہ ہم سب ملکر تمام راستوں کی حفاظت کرسکتے ہیں ۔انقلاب ایران کی سالگرہ کی مناسبت سے کراچی میں ایرانی قونصل خانے میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی ، پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم،کراچی میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد خصوصی انٹرویو میں ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ دنیا میں ہمارا خطہ بہت اہم ہے، اس خطے کی اہمیت جیواکانومی، جیواسٹرٹیجک، جیو پولیٹکس کے لحاظ سے ہے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ انقلاب ایران دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید کی کرن ہے اور بانی انقلاب آیت اللہ خمینی کو دنیا بھر میں یاد رکھا جائے گا۔ ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا کہ انقلاب کا دن ایران کی حالیہ تاریخ کا سب سے اہم دن ہے۔ پاک ایران تعلقات کے حوالے سے ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ یہ دونوں پڑوسی مسلم برادر ملک مذہبی، ثقافتی اورجغرافیائی لحاظ سے جڑے ہوئے ہیں اور ان کی دوستی عوام کےذہنوں اوردلوں میں بستی ہے۔
اہم خبریں سے مزید