پشاور ( وقائع نگار )ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی 21 روزہ خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم میں ڈبلیو ایس ایس پی، ٹی ایم ایز اور پی ڈی اے بھرپور شرکت کر رہی ہیں۔ خصوصی صفائی مہم کے دوران شاہراہوں، گلیوں، محلوں اور نالیوں کی صفائی کی جائے گی جبکہ معمول کی صفائی بھی بلا تعطل جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم، جنرل منیجر ڈبلیو ایس ایس پی محمد اعجاز ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید بشارت حسین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عامر شہزاد اور زونل میجر طارق عزیز کے ہمراہ کوہاٹی میں مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر تاجر برادری، عوامی نمائندوں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔افتتاحی تقریب کے بعد ایک آگاہی واک بھی منعقد کی گئی، جس میں شرکاء نے صفائی کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے دکانداروں میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں ضلعی انتظامیہ پشاور ، ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر اداروں کا ساتھ دیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، اور پشاور شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں اور صفائی عملے سے تعاون کریں۔ جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خصوصی مہم کے دوران صفائی کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ پشاور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں اور پشاور کو ایک صاف اور خوبصورت شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔تین ہفتوں کی مہم میں ڈبلیو ایس ایس پی کے 2651 اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ مہم میں گلی محلے، نالیاں اور مین ہولز صاف کئے جارہے ہیں،تین ہفتوں میں ڈبلیو ایس ایس پی حدود سے تقریباً 10 ہزار کوڑا کرکٹ اٹھاکر تلف کیا جائے گا، 6 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی صفائی کی جائے گی،400 کلومیٹر نالیاں صاف کی جائیں گی ۔ مہم میں 337 چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ اور نالیوں کا بھل اٹھایا جا رہا ہے،مین ہولز بھی کلیئر کئے جا رہے ہیں اور گندگی کے غیر مقررہ پوائنٹس کا خاتمہ کیا جائے گا۔