• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیراپلیجک سنٹر پشاور میں سپورٹس گالا، کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز

پشاور(جنگ نیوز)پیراپلیجک سنٹر پشاور کے زیر اہتمام جاری سپورٹس گالا کے دوران بدھ کو کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز ہوا۔ حیات آباد فیز فائیو کے وسیع گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 18 ٹیمیں شریک ہیں۔ پہلے روز دو میچز کھیلے گئے جن میں آرتھو ڈیپارٹمنٹ نے پیراپلیجک ایڈمنسٹریشن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دی جبکہ پیراپلیجک زلمی نے اٹینڈنٹس کی ٹیم کو چار وکٹوں سے ہرایا۔ دونوں فاتح ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔سپورٹس گالا میں لوڈو اور کیرم بورڈ کے فائنلز جمعرات کو، جبکہ وہیل چیئر حضرات کے فائنلز اور والی بال، باسکٹ بال اور آرچری (نشانہ بازی) کے فائنل جمعہ کو ہوں گے۔درایں اثناء پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے مختلف مقامات پر جاری ٹورنامنٹس کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں داد دی۔ انہوں نے سپورٹس گالا میں معذور کھلاڑیوں اور خواتین کی شرکت پر بطور خاص اظہار مسرت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پیراپلیجک سنٹر میں کھیلوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا اور اس کیلئے سہولیات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں میں شرکت نہ صرف صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیتی ہے بلکہ یہ معاشی و معاشرتی ترقی کیلئے بھی ناگزیر ہے۔
پشاور سے مزید