کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شاہد فراز نے انسداد دہشت گردی عدالت کےباہر آفاق احمد کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ سندھ حکومت نے غیر مقامی ڈمپرزاور ٹینکرز مافیا کے آگے ہتھیار ڈال کر ثابت کردیا کہ سندھ حکومت یا تو کمزورحکومت ہے یا وہ انکے ناجائز کاموں میں برابر کی حصے دار ہے، معاملہ چاہے جو ہو ہم اس شہر کو لاوارث نہیں چھوڑسکتے، انھوں نے کہا کہ اگر ٹینکر زمافیا 4ٹینکرز جلنے پر شہر کے داخلی راستے بند کرسکتی ہے تو ہم اس شہر میں معصوم لوگوں کی شہادت اور چیئر مین آفاق احمد سمیت 11بے گناہ شہریوں کی گرفتاری پر اس شہر کو بھی بند کرسکتے ہیں،ہم حکومت 72گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہیں کہ اگر آفاق احمد سمیت دیگر معصوم شہریوں کو رہا اور دن کے اوقات میں ٹینکر اور ہیوی ٹریفک کی رہائشی علاقوں میں داخلے کی پابندی پر عملی اقدام نہیں ہوا تو کراچی کے شہری بتائیں گے کہ وہ کس طرح اپنے شہرکو غیر مقامی ٹینکرز مافیا سے چھٹکارہ د لایں گے۔