• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈررز کو اقتدار میں بٹھا دیا گیا، عمران کا آرمی چیف کو تیسرا خط

راولپنڈی (ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نےدعویٰ کیاہے کہ سابق وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو تیسرا خط لکھ دیا ہے ‘خط میں عمران خان نے کہا ہے منی لانڈرز کو اقتدار میں بٹھایا گیا ہے‘18لاکھ لوگ ملک چھوڑ گئے ہیں اور 20 ارب ڈالر کا سرمایہ ملک سے باہر چلا گیا ہےجبکہ اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے مشن کو ڈوزیئر اور خط بھیج دیا ہے‘مزید معلومات یا وضاحت درکار ہو توہم آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر فیصل چوہدری نے دیگر وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خط میں الیکشن فراڈ کے ذریعے اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کا معاملہ اٹھایا ہے‘تیسرے خط کے مندرجات جلد سامنے آئیں گے۔فیصل چوہدری کے مطابق خط میں سابق وزیراعظم نے دہشتگردی کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے بڑھ رہی ہے جبکہ کوٹ پیکنگ پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے کی جارہی ہے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ 9 مئی کے واقع پر ہم آج بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے پر قائم ہیں۔انہوںنے کہاکہ عامر ڈوگر کو اپوزیشن کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے، سیاسی کمیٹی میں کچھ نئے ممبران کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی کی جانب سے بدھ کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ادھرسماجی رابطے کی ویب سائٹ اپنی پوسٹ میں عمر ایوب نے آئی ایم ایف مشن کو ڈوزیئر اور خط بھیجنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے تحفظات پر بین الاقوامی تنظیموں سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی توجہ دلائی جائے۔مزید معلومات یا وضاحت درکار ہو توہم وفد سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

اہم خبریں سے مزید