راولپنڈی (نمائندہ جنگ) مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی وسماجی رہنمائوں نے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں تجاوزات کیخلاف شروع کئے گئے آپریشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ اس دلیرانہ عمل پر وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلی بار کسی وزیراعلٰی نے سیاسی نتائج کی پرواہ کئے بغیر شہروں اور دیہات کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے بھرپور عملی قدم اٹھایا ہے ۔ماضی کی حکومتیں اس اہم مسئلہ پر توجہ دینے کی بجائے ہمیشہ سیاسی مصلحت کا شکار رہتی رہی ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں تجاوزات کی شکل میں ایک مافیا نے میونسپل کارپوریشن میں بیٹھی بعض کالی بھیڑوں اور مقامی سیاسی قیادت کی سرپرستی میں شہر کا حلیہ ہی تبدیل کر دیا تھا ۔ راولپنڈی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ پہلی بار شہر کو کھلا اور صاف ستھرا ہوتے دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے ساتھ ساتھ غیرقانونی تعمیرات کیخلاف بھی اسی طرح کا آپریشن کیا جائے اور جن پلازوں میں ملی بھگت کے بعد پارکنگ کی جگہ دکانیں بنا لی گئی ہیں وہاں بھی فوری کارروائی کرکے پارکنگ کی جگہ واگزار کروائی جائے۔