• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر کیئر اسٹارمر، ٹرمپ میں تجارتی محصولات پر گفتگو، برطانیہ کا موثر جواب دینے کا عندیہ

‎برطانوی وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کی، جس میں امریکا کی جانب سے تجارتی شراکت داروں پر جوابی محصولات کے نفاذ کے احکامات زیر بحث آئے۔

‎ڈاؤننگ اسٹریٹ نے تصدیق کی کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت اس وقت ہوئی جب وزیرِاعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی برائے برطانیہ مارک برنیٹ کا 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں خیرمقدم کیا۔

‎امید کی جا رہی ہے کہ سر کیئر اسٹارمر اسی ماہ امریکا کا دورہ کریں گے اور صدر ٹرمپ سے براہِ راست ملاقات کریں گے۔

‎سائنس سیکریٹری پیٹر کائل کا کہنا ہے کہ برطانیہ کو ٹرمپ کی جانب سے وی اے ٹی پر جوابی محصولات کے خطرے پر ’ٹھنڈے دماغ اور واضح حکمت عملی‘ کے ساتھ ردعمل دینا ہوگا۔

‎صدر ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ وہ ان ممالک پر محصولات لگائیں گے جو امریکی اشیاء پر وی اے ٹی چارج کرتے ہیں، جس سے برطانیہ کو 24 ارب پاؤنڈ کے معاشی نقصان کا خدشہ لاحق ہے۔

‎ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان کے مطابق، وزیرِاعظم نے مارک برنیٹ سے تجارت، ٹیکنالوجی اور ثقافتی امور میں مزید مضبوط تعاون کے امکانات پر بات چیت کی۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ ’مسٹر برنیٹ اور وزیرِاعظم نے برطانیہ اور امریکا کے منفرد اور خصوصی تعلقات، ہمارے مضبوط اتحاد اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے روابط پر اتفاق کیا‘۔

برطانیہ و یورپ سے مزید