اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے سکھر حیدرآباد موٹروے ایم ۔6 کا تعمیراتی کام جلد سے جلد شروع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں،6 لین والی موٹروے ایم۔6 پر 15 انٹرچینج بنانے کا فیصلہ،400 ارب کی لاگت سے بننے والی موٹروے دوسرے مرحلے میں کراچی پورٹ سے منسلک ہو جائیگی ، ۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین شہریار سلطان سے تفصیلی مشاورت کے بعد وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بار بار تاخیر کا شکار ہونے والی سکھر حیدرآباد موٹروے کی عملی تعمیر کا آغاز آنے والے چند مہینوں میں کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جس کی لمبائی 306 کلومیٹر ہوگی۔ اسلام آباد، لاہور موٹروے ایم ٹو کی مانند چھ لین والی ایم۔6 موٹروے کہلائے گی۔ سکھر حیدرآباد موٹروے پر 15 انٹرچینجز بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس پر 5 سروس ایریاز بنیں گے۔ تعمیراتی کام شروع ہونے سے 30 ماہ میں 2027-28 میں مکمل کرلیا جائے گا۔