کراچی (اسٹاف رپورٹر) چلڈرن اسپتال کراچی کو سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نےباقائدہ لائسنس جاری کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب پیر کو چلڈرن اسپتال میں منعقد ہوئی جس میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر احسن قوی صدیقی ، چلڈرن اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری ،ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فواد احمد،ڈاکٹرثاقب انصاری کی والدہ تحسین اخترودیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر احسن قوی صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے سخت معیار پورا کرنے والے اداروں کوہی باقائدہ لائسنس جاری کیے جاتے ہیں،لائسنس کے اجراء سے قبل اداروں کے دورے کیے جاتے ہیں اور تمام ضابطے اور معیار ات مکمل کرائے جاتے ہیں جس کے بعد ہی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کی جاتی ہے،چلڈرن اسپتال کراچی نے تمام معیارات پورے کیے جس کے بعد آج باقائدہ لائسنس جاری کیا گیا جو آج ان کے حوالے کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر ثاقب انصاری کا کہنا تھا کہ اسپتال میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے جس میں کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے معیار سخت تھے جن پر پورا اترنے کے بعد آج باقائدہ لائسنس جاری ہواجس پر کمیشن کے شکر گزار ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر احسن قوی صدیقی نے ڈاکٹر ثاقب انصاری کو لائسنس پیش کیا۔