اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)ورلڈ بینک گروپ کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ (DEEP) کے تحت نادرا کی سرگرمیوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران وفد کو ورلڈ بینک کے مالی تعاون پر مبنی پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر (این ڈی ای ایل) پورٹلز اور اپلیکیشنز اس منصوبے کی اہم خصوصیات میں شامل ہیں جن کے ذریعے ڈیجیٹل شناخت کے نظام کو مستحکم بنایا جائے گا، مالی شمولیت کو فروغ دیاجائے گا اور لازمی حکومتی خدمات تک شہریوں کی رسائی بہتر بنائی جائے گی۔ اس موقع پر نادرا حکام نے وفد کو DEEP کے تحت ہونے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس منصوبے کی بدولت پاکستان میں سرکاری شعبے کی ڈیجیٹل سہولیات میں قابل ذکر بہتری آئے گی۔