گزشتہ 3 سال میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 51 ایف آئی اے اہلکار برطرف ہوئے، 2022ء میں 6، 2023ء میں 4 اور 2024ء میں 41 ایف آئی اے اہلکار برطرف کیے گئے۔
وزارتِ داخلہ نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف عمل میں لائی گئی کارروائیوں سے متعلق تحریری جواب سینیٹ کے اجلاس میں جمع کروا دیا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، جون 2023ء کے کشتی حادثے کے بعد 7 مقدمات درج ہوئے اور 27 ایف آئی اے اہلکار گرفتار ہوئے۔
تحریری جواب کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف 110 محکمہ جاتی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
وزارتِ داخلہ نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے کے 48 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کیا گیا، ایف آئی اے کے 2 اہلکاروں کو جبری ریٹائر جبکہ 13 اہلکاروں کو معمولی سزائیں دی گئی ہیں۔