اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس آف پاکستان،مسٹر جسٹس یحییٰ آفریدی کے احکامات کی روشنی میں سپریم کورٹ کی متعدد انتظامی کمیٹیوں کی تشکیل نو کردی گئی جبکہ رجسٹرار آفس نے تمام کمیٹیوں اور تقرریوں کے الگ الگ نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے ہیں، سپریم کورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق جسٹس مسرت ہلالی صوبہ خیبرپختونخوا، جسٹس ملک شہزاد صوبہ پنجاب، جسٹس ہاشم کاکڑ صوبہ بلوچستان، جسٹس صلاح الدین صوبہ سندھ جبکہ جسٹس عامر فاروق کیپیٹل ٹریٹری اسلام آباد کی انسداد دِہشتگردی میں قائم عدالتوں کے نگران جج مقرر کیے گئے ہیں، جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بلڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ،چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ریسرچ سینٹر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتملʼʼ لاء کلرک پروگرامʼʼ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔