اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) سیکریٹری کابینہ ڈویژن نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن کو بتایا ہے کہ انہوں نے چیئرمین نیپرا اور دیگر ممبران کی تنخواہوں میں ازخود اضافے کی خبروں کا نوٹس لے لیا اور اس معاملے پر نیپرا حکام سے وضاحت طلب کر لی گئی ۔ دو سنیٹرز میں تلخی ہوگئی ، بھنگ کے استعمال کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ سنیٹر مولانا عطا ء الرحمن کا سوال ,قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی اے ترمیمی بل 2025 پر سینیٹر انوشہ رحمان اور سیکریٹری کابینہ میں تلخ کلامی بھی ہوگئی ۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیرِ صدارت ہوا۔ پی ایس او پروکیورمنٹ قواعد کے ایجنڈے پر سیکریٹری کابینہ ڈویژن کامران علی افضل نے بتایا کہ قواعد کے لئے ہمارے پاس اب تک کوئی سمری نہیں آئی۔ پی ایس او بورڈ آف منیجمنٹ کا ایک سال رہتا ہے، قانونی نکتہ یہ ہے کہ ایس او ای ایکٹ لاگو ہو گا یا محکمے کے اپنے رولز لاگو ہوں گے۔ جی ایم لیگل پاکستان اسٹیٹ آئل ( PSO)نے بتایا کہ پی ایس او کے بورڈ آف منیجمنٹ کے حوالے سے تین قوانین متضاد ہیں۔ کمپنیز ایکٹ، ایس او ای ایکٹ بھی پی ایس او پر لاگو ہو رہے ہیں۔