• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی کا بدترین آغاز، کیویز نے بے بس پاکستانی بولنگ، بے جان بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیئے

کراچی (عبدالماجد بھٹی) دفاعی چیمپئن پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بدترین آغاز کیا۔ نیوزی لینڈ نے میزبان سائیڈ کی بے بس بولنگ اور بے جان بیٹنگ کے پرخچے اڑاکر میچ60رنز سے جیت لیا ۔ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں دو میچ ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ نے میزبان ٹیم کے خلاف اسی کے گرائونڈ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں بدھ کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں28ہزار تماشائیوں کے سامنے پاکستانی ٹیم 260رنز بناکر48ویں اوور میں آئوٹ ہوگئی۔ ٹام لیتھم پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ خوشدل نے 49گیندوں پر 69رنز بناکر تھوڑا دل خوش کیا، بابر نے بھی ففٹی بنائی، کوئی اور بیٹر نہ چل سکا۔ ٹام لیتھم، ول ینگ کی سنچریوں اور فلپس کے جارحانہ 61رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے320رنز بنائے، ہوم سائیڈ 260 پر ہمت ہارگئی۔ خوش دل شاہ کی اننگز میں ایک چھکے اور دس چوکے شامل تھے ۔ بابر اعظم نے90 گیندوں پر64رنز بنائے۔ پاکستانی پیس اٹیک بہت مہنگا ثابت ہوا، حارث رئوف 83، شاہین آفریدی 68 اور نسیم نے 63رنز دیے۔ اختتامی لمحات میں حارث رئوف نے تین چھکوں کی مدد سے19 رنز بنائے۔ ول اوریک نے47اورمچل سینٹنر نے66 رنز دے کر تین تین وکٹ حاصل کئے۔ پاکستان ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا اور سست روی کا شکار رہی ۔ فخرزمان کی غیر موجودگی میں سعود شکیل نے بابراعظم کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ سعود شکیل19گیندوں پر6رنز بناسکے ، نمبر تین پر کپتان محمد رضوان 14 گیندوں پر صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ بعد ازاں، فخرزمان میدان میں اترے لیکن 41گیندوں پر صرف 24رنز ہی بناسکے۔ سلمان آغا نے تیز کھیلتے ہوئے 28گیندوں پر42رنز ایک چھکے اورچھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ طیب طاہر ایک رن بناکر سینٹنر کا شکار بنے۔32 ویں اوور میں128رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ قبل ازیں کپتان محمد رضوان ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے 50 اوورز میں 5 وکٹ پر 320 رنز بنائے۔ پاکستان نے دو کیچ ڈراپ کئے۔ نیوزی لینڈ نے آخری دس اوورز میں113، آخری پانچ میں 64رنز بنائے۔ حارث رئوف 83 اور نسیم شاہ نے 63 رنز دے کر دو، دو وکٹ لیے ۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اسپنر ابرار احمد نے39کے مجموعی اسکور پر10رنز بنانے والے ڈیون کانوے کو کلین بولڈ کرکے دلائی۔ اگلے اوور میں نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف ایک رن پر رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا، ڈیرل مچل10رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے ۔ 73رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد ول ینگ اور لیتھم نے118رنز کی شراکت بناکر نیوزی لینڈ کی پوزیشن کو بہتر بنایا، ول ینگ ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے یہ ان کی چوتھی سنچری تھی۔ ٹام لیتھم کی اننگز میں3چھکے اور10چوکے شامل تھے، وہ 104 گیندوں پر118 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے انہوں نے آٹھویں سنچری بنائی۔ گلین فلپس نے 38 گیندوں پر 61 رنز 4 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے125رنز جوڑے، پاکستانی بولر درمیانی اننگز میں اسکور کو نہ روک سکے۔

اسپورٹس سے مزید