کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کا جشن اوپنر امام الحق نے پریڈیڈنٹ کپ میں ایک اور سنچری بناکر منایا۔ انہیں پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کی خبر کراچی میں ملی۔ جمعرات کو آٹھویں راؤنڈ کے دوسرے دن این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں اوجی ڈی سی ایل پہلی اننگز میں 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عماد بٹ نے 82 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ سرکاری ٹی وی نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر273 رنز بنائے تھے۔ امام الحق نے 158 رنز اسکور کیے۔ مشتاق کلہوڑو نے 86 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس نے 153رنز کے ہدف کے جواب میں اسٹیٹ بینک کیخلاف 3 وکٹوں پر 103 رنز بنائے تھے۔ شرجیل خان 61 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس سے قبل غنی گلاس اپنی پہلی اننگز میں 204 جبکہ اسٹیٹ بینک اپنی دوسری اننگز میں 123 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ میرحمزہ نے 41رنز دے کر 6 اور عبید شاہ نے30 رنز دے کر 4 وکٹ لیے ۔اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کے آر ایل کی ٹیم ایشال ایسوسی ایٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 353 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ طاہر حسین نے112 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم 199 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ارشد اللہ نے 43 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کے آر ایل نے کھیل ختم ہونے پر دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 12 رنز بنائے تھے۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن نے واپڈا کے261 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر257 رنز بنائے تھے ۔ عبداللہ فضل نے94 رنز اسکور کیے۔