کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر ، احمد شہزاد نے کہا ہے کہ دنیا کی باقی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں تو بھارت کو بھی پاکستان آنا چاہئے تھا،ہمارے کھلاڑی میچ میں فتح دلوائیں گے تو سپر اسٹارز بن کر سامنے آئیں گے، پاکستان چیمپئنز ٹرافی نہ جیت سکا تو پاکستانی ٹیم سوالیہ نشان اس سسٹم اور اسٹرکچر پر چھوڑ کرچلی جائے گی،سابق کرکٹر،محمد عامر نےکہا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ دبئی میں بھارت کو شکست دے سکتے ہیں۔
انڈیا کے پاکستان نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا،میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج طویل عرصے بعد پاکستان میں ایک بہت بڑا بین الاقوامی کرکٹ ایونٹ ہورہا ہے۔
انٹرنیشنل ایونٹ کی پاکستان میں انعقاد کو پوری دنیا میں بہت توجہ حاصل ہے۔
سابق کرکٹر ،احمد شہزاد نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان اور افغانستان بھی فیورٹس میں شامل ہیں۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد ہم ہوم گراؤنڈز پر نہیں کھیل سکے۔ زیادہ تر کرکٹ دبئی اور ابوظہبی میں ہوئی۔جس کی وجہ سے بطور بیٹسمین سب کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
بڑی خوشی کی بات ہے کہ آج اتنے عرصے کے بعد پاکستان میں کرکٹ واپس آئی ہے۔
آئی سی سی کا ایونٹ واپس آیا ہے تو شائقین کرکٹ کے لئے بھی بہت زبردست چیز ہے۔شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو اپنے سامنے دیکھ سکتے ہیں۔